حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ میلبرن و صدر شیعہ علماء کونسل آف آسٹریلیا حجۃ الاسلام و المسلمين مولانا سيد ابوالقاسم رضوي نے جمعہ کے خطبہ میں امام خمینی (رح) کی رحلت کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: آج امام خمینی (رح) کی وفات کو ۳۳ سال ہو گئے ہیں مگر امام خمینی (رح) صرف لوگوں کے دلوں میں نہیں بلکہ ایک تحریک کی صورت میں زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا: ایران میں رہبر معظم کی صورت میں، خدا رہبر معظم کو طول عمر عطا فر مائے دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے ۔آمین عراق میں آقای سیستانی کی صورت میں زندہ ہیں کہ کس طرح آپ نے داعش کا خاتمہ فرمایا امام خمینی (رح) نے دنیا کو بتا دیا کہ عالم محراب میں امام، منبر پر خطیب اور میدان میں مجاہد ہے۔
بقول پیام اعظمی:
علم کرتا ہے زمانے میں خمینی پیدا
جہل انسان کو صدام بنا دیتا ہے
لبنان میں آقای حسن نصر اللہ کی صورت میں نائجیریا میں آیۃ الله شيخ زکزکی کی صورت میں یہ تحریک مقاومت زندہ ہے اور باقی ہے یمن کے بے سر و سامان مجاہدین کو آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں ایران کا محاذ جنگ پر ثابت قدم رہنا آج تک متحرک کئے ہوئے ہے کہ الحق یعلو ولا یعلی علیہ ۔ اس فکر نے مستضعفین کو مضبوط کیا اور مستکبرین کو ذلیل و رسوا کیا امریکہ کی رسوائی کا آغاز اس وقت ہوا جب اس کااس عالم ربانی مجاہد اور درویش سے مقابلہ ہوا امام خمینی رح نے شیطان اکبر کہہ کر دنیا کے سامنے اس کا اصلی چہرہ پیش کیا، کارٹر کو کہنا پڑا ساری چیزیں ہمارے حق میں تھیں مگر خدا خمینی رح کے ساتھ تھا مسلمانوں کو عزت نفس ، استقلال و استقامت و بصیرت کی دولت عطا کی وحدت امت کے نعرے نے استکبار کی نیند حرام کر دی اسی لئے جب رہبر معظم سے سوال کیا گیا امریکہ آپ سے کیوں ڈرتا ہے مختصر و جامع جواب دیا کیونکہ ہم خدا سے ڈرتے ہیں۔
میلبرن کے امام جمعہ نے مزید کہا: امام خمینی کی کامیابی کا سبب خوف خدا، اخلاص ، سادگی، وقت کی پابندی، بصیرت ، درد قوم و ملت ، بہترین پلاننگ اور ان کی محبو بیت و مقبولیت ہے جو کسی کو نہیں مل سکی جس کا ثبوت شاہی کے خاتمے کے بعد جلا وطن کئے جانے والے رہبر کا والہانہ استقبال اور وفات کے بعد ایک کروڑ سے زائد لوگوں کا تشیع جنازہ میں شریک ہونا جس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔
انہوں نے خطبہ جمعہ کے آخر میں کہا کہ خدائے کریم امام راحل کے درجات بلند کرے ان کی تعلیمات پر ہمیں عمل کرنے کی توفیق دے، آقای رہبر کو طول عمر عطا فرمائے اور اس انقلاب کو انقلاب امام زمانہ ع کا پیش خیمہ ثابت فرمائے اور ہم سب کو اعوان و انصار میں شامل فر مائے ۔آمین چونکہ جو آج نائب کے ساتھ ہے کل امام کے ساتھ ہوگا۔